اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چھوٹے اور درمیانی صنعتوں کی ترقی کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں تعمیراتی شعبے کا فروغ، غربت کے خاتمے کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق احساس پروگرام کی پیش رفت اور معیشت کی ترقی کیلئے مختلف وزارتوں کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے آغاز میں گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملد رآمد کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی۔
گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ایس ایم ایز کی سہولت کاری کیلئے ریگولیٹری فریم ورک کو مزید آسان اور سہل بنا دیا، قرضوں کی فراہمی کے طریقہ کار کو آسان بنایا جا رہا ہے۔ چھوٹے درجے کے قرض کی حد بڑھا کر 10 لاکھ کر دی گئی ہے، چھوٹے قرضوں کی فراہمی کی مدت ایک ماہ سے کم کر کے 15 دن کر دی گئی۔
باقر رضا کا کہنا تھا کہ درمیانے درجے کے قرضوں کی فراہمی 25 دنوں میں کر دی ہے، بنکوں کی ایس ایم ایز کو مہیا کی جانے والی رقوم کا حجم 2014ء میں 288 ارب روپے تھا، اس وقت حجم 513 ارب روپے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2023 تک اسکا ہدف 1.9 کھرب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے 20 لاکھ نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے، برآمدات میں ساڑھے 5 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے۔