لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران امریکی ڈالر کی قدر میں حیران کن حد تک بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ایک ہی روز کے دوران امریکی کرنسی 1 روپے 30 پیسے سستی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران سے ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، محض ایک ماہ کے دوران امریکی کرنسی پانچ روپے سے زائد مہنگی ہو گئی ہے۔ تاہم رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک روپے 30 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 158 روپے پرفروخت ہو رہا ہے۔
دوسری طرف سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 85 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 158 روپے 53 پیے سے کم ہو کر 157 روپے 68 پیسے ہو گئی ہے۔
مزید برآں پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 61.84 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی اور انڈیکس 47 ہزار 962.54 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.13 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 15 کروڑ 82 ہزار 134 شیئرز کا کاروبار ہوا۔