اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتی دعوؤں کے باوجود مہنگائی میں اضافے کا رحجان برقرار ہے، مسلسل 12 ویں ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.37 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 13.64 فیصدہوگئی جب کہ کم آمدن والے افراد کیلئے مہنگائی کی شرح17.20 فیصد پرپہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 24 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 5 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جب کہ 22 میں استحکام رہا۔ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسط مزید 57 روپے 85 پیسے مہنگا ہوگیا جس سے تھیلے کی اوسط قیمت 1222 روپے7 پیسے ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے27 پیسے اضافہ ہوا جس سے قیمت 214 روپے 47 پیسے ہوگئی جبکہ گھی پونے 5 روپے مہنگا ہوا جس سے گھی کی اوسط قیمت 342 روپے 66 پیسے ہوگئی۔ پیاز کی فی کلوقیمت میں 11روپے 92 پیسے، ٹماٹر 11 روپے 36 پیسے، آلو 68 روپے، لہسن 3 روپے 63 پیسے، دال مسور 3 روپے 65 پیسے، انڈے 6 روپے 29 پیسے اور بیف 6 روپے 10 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ تازہ دودھ، دہی، مٹن، دال چنا، چاول اور دال ماش بھی مہنگی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے 2 روپے 53 پیسے فی درجن سستے ہوئے، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 49 روپے 70 پیسے سستا ہوا جب کہ چاول، دال مونگ اور چینی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔