اسلام آباد: (دنیا نیوز) شوکت ترین نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کم ہو کر دو، ڈھائی روپے پر آگئی، پٹرول کی قیمت کم بڑھانے سے 2 ارب کا نقصان ہوا، پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں خطے کے مقابلے میں کم ہیں، کورونا کی صورتحال نے پاکستان کو متاثر کیا، غریب کو سبسڈی دیں گے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کہتے ہیں بہت زیادہ مہنگائی ہوگئی ہے، برطانیہ میں قیمتیں 31 فیصد بڑھی ہیں، خطے کے مقابلے میں پٹرول کی قیمتیں یہاں کم ہیں، دنیا میں کورونا کی وجہ سے ہمیں بھی نقصان ہوا ہے، زراعت کے شعبہ میں غفلت کا نتیجہ بھگت رہے ہیں، گندم، چینی، دالیں، گھی درآمد کر رہے ہیں، حکومت کو نقصان ہو رہا ہے لیکن فیصلہ کیا ہے چینی 90 روپے کلو بیچیں گے۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس میں چھوٹ دے کر گھی سستا کریں گے، پاکستان کا وزیراعظم غریب کیلئے درد رکھتا ہے، غریب طبقے کو براہ راست سبسڈی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آڑھتی یا مڈل مین بہت زیادہ کمائی کرتا ہے، لوگ من مانی قیمتیں لے رہے ہیں، کوشش ہے پرائس مجسٹریٹ کو بحال کیا جائے، پاکستان کی معیشت ترقی کرنا شروع ہوگئی ہے، معیشت 5 فیصد سے زیادہ ترقی کرے گی۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم غریب پر کم سے کم بوجھ ڈالنا چاہتے ہیں، ہر خاندان کو اپنے گھر کیلئے 15 سے 20 لاکھ تک رقم دی جائے گی، گھر بنانے کیلئے 2 فیصد پر قرض دے رہے ہیں، پنجاب سمیت پورے ملک میں ہر گھرانے کو صحت کارڈ دیا جائے گا، ہر گھرانے کے ایک فرد کو ٹیکنیکل ٹریننگ دیں گے۔