اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔ چئیرمین ایف بی آر، آئی ایم ایف حکام کو محصولات کے اہداف جبکہ سیکرٹری وزارت خزانہ معاشی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
ایک ارب ڈالر قرض کی قسط کیلئے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔ آن لائن مذاکرات میں سیکرٹری وزارت خزانہ، چئیرمین ایف بی آر اور عالمی مالیاتی ادارے کے حکام شریک ہونگے۔ رواں مالی سال کے معاشی اہداف، توانائی شعبے کے گردشی قرض کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق مذاکرات میں ٹیکس اہداف، معاشی گروتھ کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ چئیرمین ایف بی آر، آئی ایم ایف حکام کو محصولات کے اہداف جبکہ سیکرٹری وزارت خزانہ معاشی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔ آئی ایم ایف حکام کے ساتھ مذاکرات رواں ہفتے جاری رہیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 6 ارب ڈالر قرض کا معاہدہ تعطل کا شکار تھا۔