نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں پیٹرول کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں جس کے بعد عوام کا صبر جواب دے گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں چڑھاؤ جاری رہنے کے دوران بھارت میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہفتے کے روز مسلسل تیسرے دن 35-35 پیسے فی لٹر کا اضافہ ہوا۔
چار بڑے شہروں میں پٹرول ڈیزل کے دام
دہلی پٹرول 105.49 روپے اور ڈیزل 94.22 روپے فی لٹر
ممبئی پٹرول 111.43 روپے اور ڈیزل 102.15 روپے فی لٹر
چنئی پٹرول 102.70 روپے اور ڈیزل 98.59 روپے فی لٹر
کولکتہ پٹرول 106.10 روپے اور ڈیزل 97.33 روپے فی لٹر
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں پٹرول 35 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر105.49 روپے فی لٹر اور ڈیزل 94.22 روپے فی لٹر ہوگیا ہے، اس سے قبل پیر کو مسلسل ساتویں دن پٹرول 30 پیسے فی لٹر اور ڈیزل 35 پیسے فی لٹر مہنگا ہوا تھا۔
اس کے بعد دو دن تک قیمتی برقرار رہیں لیکن دوبارہ قیمتوں میں اضافہ کا دور شروع ہوگیا۔ اضافے کے بعد ممبئی میں پٹرول 111.43 روپے اور ڈیزل 102.15 روپے فی لٹر ہو گیا ہے۔
مدھیا پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں پٹرول 114.09 روپے فی لٹر اور ڈیزل 103.40 روپے فی لٹر مہنگا کیا گیا ہے۔ جھاڑکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ایک ساتھ سنچری بنانے کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ رانچی میں پٹرول 99.92 روپے فی لٹر اور ڈیزل 99.44 روپے فی لٹر تک پہنچ گیا ہے تاہم رانچی میں پٹرول اب بھی پورے ملک میں سب سے سستا ہے۔
ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں پیٹرول کی قیمت 100 روپے فی لٹر سے تجاوز کرچکی ہے اور ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں ڈیزل بھی اب سنچری کی طرف بڑھ رہا ہے، کچھ شہروں میں ڈیزل 100 روپے سے تجاوز کرگیا ہے۔
اس مہینے میں اب تک ان دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں 16 دنوں میں سے 13 دن اضافہ ہوا ہے، رواں ماہ اب تک پٹرول 3.85 روپے فی لٹر اور ڈیزل 4.35 روپے فی لٹر مہنگا ہوچکا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل اب بھی اونچی سطح پر برقرار ہے، امریکا میں ہفتے کے آخر میں خام تیل میں اضافہ ہوا، اس دوران برینٹ کروڈ 0.86 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 84.86 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ امریکی خام تیل 1.17 ڈالر اضافے کے ساتھ 82.28 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔
آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق دہلی میں پٹرول 105.49 روپے فی لٹر اور ڈیزل 94.22 روپے فی لٹر تک پہنچ گیا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر ہر روز صبح 6 بجے سے نئی قیمتوں کا اطلاق ہوتا ہے۔