خلاصہ
- نیویارک: (دنیا نیوز) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے آغاز پر درجنوں ممالک کے وفود احتجاجاً اجلاس ہال سے باہر نکل گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق نیتن یاہو کی تقریر کے دوران 77 ممالک کے وفود یا تو ہال سے واک آؤٹ کر گئے یا پہلے ہی اجلاس میں موجود نہیں تھے، تاہم بعض ممالک کی عدم موجودگی کو احتجاجی واک آؤٹ قرار نہیں دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق واک آؤٹ میں عرب ممالک سمیت ایشیا، افریقہ، یورپ اور لاطینی امریکا کے متعدد ممالک کے نمائندے شامل تھے، ترکیہ، ایران، پاکستان، ملائیشیا، بنگلہ دیش، شام، اردن، عراق، ازبکستان اور کرغزستان سمیت کئی ممالک کے وفود نے نیتن یاہو کے خطاب کے آغاز پر ہال چھوڑ دیا۔
رپورٹس کے مطابق فلسطینی مشن نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے نمائندوں سے نیتن یاہو کے خطاب کے آغاز پر اجتماعی طور پر ہال سے باہر نکلنے کی اپیل کی تھی۔
واک آؤٹ کا یہ واقعہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر جنرل اسمبلی میں موجود شدید سفارتی اختلافات کی عکاسی کرتا ہے۔