کراچی :(دنیا نیوز) سندھ و پنجاب میں چینی کی ایکس مل قیمت میں مزید 4 روپے کلو کا اضافہ کردیا گیا جبکہ کراچی کے بجلی صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
حکومت کے مہنگائی کے خلاف اقدامات کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور سندھ و پنجاب میں چینی کی ایکس مل قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور یہ 112 روپے کلو کی سطح پر پہنچ گئی ہیں جس کی وجہ سے اس کے اثرات ہول سیل مارکیٹ میں بھی دیکھے جارہے ہیں۔
رواں ماہ چینی کی ایکس مل قیمت میں 12 روپے کلو اضافہ ہوچکا ہے جبکہ شہر کی مختلف مارکیٹ میں ریٹیلرز چینی 120 سے 125 روپے کلو تک فروخت کررہے ہیں ۔
کراچی ہول سیلر ایسوسی ایشن کے عبد الرؤف ابراہیم کا کہنا ہے کہ حکومت سے گزارش ہے کہ چینی کی سرکاری طور پر ٹی سی پی کی جانب سے درآمد کی گئی چینی کو مارکیٹ میں سپلائی کیا جائے تاکہ قیمتوں میں استحکام آسکے جبکہ چینی کی رسد نہیں بڑھائی گئی تو اس کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب کراچی کے بجلی صارفین کے لیے بری خبرآگئی ہے کیونکہ جولائی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 69 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 2ستمبرکوفیول ایڈجسٹمںٹ پر عوامی سماعت کی تھی جبکہ اضافے کا اطلاق صرف نومبر کے مہینے کے بلوں پر ہوگااور نوٹیفیکیشن اضافے کااطلاق لائف لائن کے علاوہ تمام صارفین پر ہوگا۔