کراچی:(دنیا نیوز) قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے کہا ہے کہ پاکستان کا سری لنکا سے موازنہ اور معیشت پر منفی تجزیے درست نہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے حالیہ دنوں میں معاشی صورتحال کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات اور اسٹیٹ بینک سے متعلق پھیلائی جانے والی بے بنیاد خبروں پر گفتگو کرتے ہوئے ایک پوڈ کاسٹ میں کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اگلے 12 مہینے عالمی معیشت کے لیے بہت اہم ہیں لیکن پاکستان کے پاس آئی ایم ایف کا کور موجود ہے، اس لیے پاکستانی معیشت اس وقت اتنی کمزور نہیں جتنا لوگ اسے سمجھ رہے ہیں۔
ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے پوڈ کاسٹ میں مزید کہا کہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ ریویو بہت مشکل تھا لیکن اب اس پر سٹاف لیول معاہدہ ہو گیا ہے جس کی ہمیں خوشی ہے، اگلے 12 مہینے جن ملکوں کے پاس آئی ایم ایف پروگرام ہو گا وہ محفوظ رہیں گے جبکہ دیگر ممالک مشکلات کا شکار رہیں گے۔