اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے معاہدہ ہو گیا ہے، پاکستان اپنی ضرورت کا ایک تہائی ایندھن روس سے خریدے گا۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ مقامی صنعت کو تحفظ دینے سے اشیاء سستی ہوتی ہیں، پیداوار بڑھانے سے خوشحالی آتی ہے، ٹیرف کا تحفظ خوشحالی نہیں لاتا، سستا قرض سکیم میں 600 ارب کی فیکٹریاں لگالیں لیکن چلانے کے لیے گیس نہیں ہے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب اور بحرین سے سستی گیس اپنے فرٹیلائزر سیکٹرکو دیتا ہے، گیس کے شعبے میں امیر اور غریب کے لیے الگ الگ ٹیرف کر دیے ہیں، گیس کا جتنا بل غریب دے گا اس سے چار گنا بل امیر دے گا، مقامی گیس کا سرکلر ڈیٹ ختم کردیا ہے۔