واشنگٹن: (دنیا نیوز)عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کے ڈائریکٹر جہاد آزور کا کہنا ہے کہ پاکستان آج اہم موڑ پر ہے، معاشی استحکام کے لئے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر آئی ایم ایف جہاد آزور نے کہا کہ پاکستان نے جو حالیہ پالیسیاں اختیار کیں وہ درست سمت میں ہیں، موجودہ صورتحال میں مہنگائی پر قابو پانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کی شرح کو برقرار رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ کسی بیرونی جھٹکے سے بچا جائے۔
ڈائریکٹر آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، پروگرام مکمل کرنے کے لئے فنانسنگ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ برسوں سے بہت سے پروگرامز کے ذریعے پاکستان کو سپورٹ مہیا کی۔
جہاد آزور کا کہنا تھا کہ ریویو ہو نہ ہو، مہنگائی سے نمٹنا ترجیح ہونی چاہیے، آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر بھی درست ایکسچینج ریٹ پر تجارت اور برآمدات پاکستانی عوام اور معیشت کے لئے اہم ہے۔