اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کی معطلی کے باعث پاکستان کو ملنے والی غیر ملکی امداد میں ایک سال میں 60.5 فیصد کی بڑی کمی ہوئی۔
اقتصادی امور ڈویژن نے اپریل 2023 تک غیر ملکی امداد کی ماہانہ رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ کے مطابق پاکستان کو رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں بیرونی امداد میں 8 ارب 12 کروڑ ڈالر حاصل ہو سکے، گزشتہ مالی سال کے پہلے دس ماہ میں 13 ارب ڈالر غیر ملکی امداد ملی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مالی سال 2023ء، حکومت افراطِ زر کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں 22 ارب 65 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی امداد کا اندازہ لگایا گیا تھا، رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں ایشیائی ترقیاتی بینک سے 1 ارب 97 کروڑ ڈالر کا قرض ملا، عالمی بینک نے ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کا قرض دیا۔
آئی ایم ایف نے ایک ارب 16 کروڑ ڈالر کا قرض دیا، رواں مالی سال جولائی تا اپریل میں سعودی عرب آئل سہولت کے تحت 98 کروڑ ڈالر کی امداد ملی، رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں کمرشل بینکوں سے 90 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کمی
اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سے بھی 67 کروڑ 72 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔