اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں بجٹ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، آئندہ مالی سال کا بجٹ 9 جون 2023ء کو پیش کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجٹ کی تیاری کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں معاشی ٹیم کی جانب سے وزیراعظم کو بجٹ کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں آمدن اور محصولات کے حوالے سے اس سال کے نظر ثانی شدہ اور اگلے سال کے ٹارگٹیڈ تخمینہ جات پر بھی بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ پاکستانی معیشت مالیاتی استحکام کی جانب گامزن ہے جبکہ مالیاتی خسارے میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، غریب اور متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی بروقت حکمت عملی سے یوریا کھاد کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں، گزشتہ دو مہینوں میں کئی سال بعد کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیا گیا، پنشن ریفارمز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ تخلیقی طریقہ کار اپناتے ہوئے پنشن فنڈ قائم کیا جائے تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کم کیا جا سکے، محصولات بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے۔