اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مینگروز منصوبے کی منظوری دے دی، منصوبے سے 20 سے 22 کروڑ ڈالر 2043 تک حاصل کئے جائیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ای سی سی نے اوچ پاور منصوبے کے ادائیگی کے طریقہ کار کی منظوری دی، منظوری کے بعد منصوبے سے سات سال تک 33 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کی وفاقی حکومت کی درخواست مسترد کردی
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کھاد کے دو کارخانوں کو قدرتی گیس کی فراہمی، وزارت دفاع کے اخراجات کیلئے 4 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دیدی، پائیدار ترقی کے اہداف کیلئے 20 ارب روپے گرانٹ بھی منظور کی گئی۔
وفاقی ڈائریکٹریٹ ایمیونائزیشن کیلئے 10 ارب 74 کروڑ روپے، وزارت اطلاعات کیلئے 42 کروڑ روپے، انٹیلیجنس بیورو کیلئے کمیٹی نے 20 کروڑ 80 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کر لی۔
وزارت ہاؤسنگ کیلئے 49 کروڑ 72 لاکھ روپے، کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس کیلئے 26 کروڑ 39 لاکھ روپے سے زائد کی گرانٹ منظور کر لی گئی۔