واپڈا اور متحدہ عرب امارات کی کمپنی کے مابین مفاہمتی یاد داشت پر دستخط

Published On 23 June,2023 07:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) واپڈا اور پرائیویٹ آفس آف عزت مآب شیخ احمد دلموک المکتوم کے مابین آج مفاہمتی یادداشت کی دو دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔

 

دستاویزات پر چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) اور عزت مآب شیخ احمد دلموک المکتوم نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے دستخط کئے۔

مفاہمتی یاد داشت کی ایک دستاویز کے مطابق دونوں اداروں کے مابین تعاون کا فریم ورک تشکیل دیا جائے گا، جس کے تحت واپڈا کے چھوٹے پن بجلی گھروں کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لئے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کئے جائیں گے۔

واپڈا کے ان چھوٹے پن بجلی گھروں میں ایک میگاواٹ کا رینالہ، 22 میگاواٹ کا رسول، 13.2 میگا واٹ کا چیچوکی ملیاں اور 13.8 میگاواٹ کا نندی پور شامل ہیں۔

مفاہمتی یادداشت کی دوسری دستاویز کے مطابق واپڈا کے موجودہ پن بجلی گھروں کے آبی ذخائر پر فلوٹنگ سولر پاور پراجیکٹ قائم کرنے کے لئے سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔

مفاہمتی یاد داشت کی دونوں دستاویزات کے مطابق دونوں ادارے مذکورہ منصوبوں کی تکنیکی اور اقتصادی فزیبلٹی کا جائزہ لینے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور اِن منصوبوں پر عملدرآمد کا پلان تیار کریں گے۔