لاہور: (دنیا نیوز) مہنگائی کا سلسلہ نہ رک سکا، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح 0.33 فیصد اضافے کے بعد 28.96 فیصد ہوگئی، سفید پوش طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گیا۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، چینی، آٹے کا تھیلا، انڈے، دال، چاول، خشک دودھ اور لہسن کی قیمتیں بڑھ گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کے قیمت میں 116 روپے 28 پیسے کا اضافہ ہوا، فی درجن انڈوں کی قیمت 3 روپے 29 پیسے بڑھی، علاوہ ازیں دال ماش اور دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔