یوٹیلیٹی سٹورز پر 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا مزید مہنگا کر دیا گیا

Published On 19 August,2023 05:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مہنگائی میں پسے غریب عوام کی مشکلات میں ایک اور اضافہ، یوٹیلیٹی سٹورز پر 10 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈی واپس لینے سے 10 کلو آٹا 1420 روپے کا ہو گیا، عام صارفین کیلئے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 45 روپے اضافہ ہوا۔

یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے کی قیمت ملک میں آٹے کی اوسط قیمت سے زیادہ ہو گئی، یوٹیلیٹی سٹورز پرعام صارفین کیلئے آٹے کی نئی قیمت مقرر کر دی گئی، عام صارفین کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز پر 20 کلو آٹا 2840 روپے کا ملے گا۔

بی آئی ایس پی صارفین کیلئے آٹے کے 10 کلو تھیلے کی قیمت 648 روپے ہے، گزشتہ ہفتے بی آئی ایس پی کے سوا باقی صارفین کیلئے سبسڈی ختم کی گئی۔