پنجاب بھر میں آج سے 15 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری

پنجاب بھر میں آج سے 15 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری

محکمہ داخلہ پنجاب کےنوٹیفکیشن کےمطابق عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلوس، ریلی، جلسے اور دھرنے پر پابندی عائد ہوگی۔

عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش، جبکہ غیرقانونی اجتماعات میں شرکت کیلئے لوگوں کو اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی ہوگی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا، عدالتیں، حکومتی ادارے اور باضابطہ اجازت سے ہونے والی تقریبات بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلیجنس ایجنسیوں اور ڈیوٹی پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیوں سے فوری نوعیت کے خطرات کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، انٹیلیجنس رپورٹس میں دہشتگرد تنظیموں کی جانب سے عوامی اجتماعات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

محکمہ داخلہ کے مطابق عوامی اجتماعات دہشت گرد حملوں کیلئے ممکنہ آسان ہدف بن سکتے ہیں، اسی لیے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔