لاہور : ( دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے چینی کی قیمتوں کے متعلق سٹے آرڈرزختم کرانے کیلئے فوری اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت چینی کی قیمتوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری خوراک نے چینی کی قیمتوں میں اضافے اور لاہور ہائی کورٹ کے 2 سٹے آرڈرز کے بارے میں بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ کے سٹے آرڈرز کے باعث شوگر ملز کا ریکارڈ نہیں حاصل کر رہے، چینی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس سے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔
پنجاب حکومت نے سٹے آرڈرز ختم کرانے کے حوالے سے فوری اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا، محسن نقوی نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو اپیل دائر کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دیں۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا چینی کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لئے سٹے آرڈرز خارج کرانے کے لئے فوری طور پر اپیل دائر کی جائے، سٹے آرڈرز کے باعث چینی کے ذخیرہ اندوزوں کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے۔