نوازشریف کی آمد کا مطلب کاروبار کا چلنا، صنعت و تجارت کا دوبارہ زندہ ہونا ہے: مریم نواز

نوازشریف کی آمد کا مطلب کاروبار کا چلنا، صنعت و تجارت کا دوبارہ زندہ ہونا ہے: مریم نواز

ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ نوازشریف کا ایجنڈا معیشت کی بحالی، قرض پر چلنے والی معیشت سے نجات اور عوام کو مہنگائی سے چھٹکارا دلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اکنامک لبرالائزیشن، پرائیویٹائزیشن اور ڈی ریگولیشن کی پالیسیوں پر عمل کیا، کاروبار کرنے کی آسانی پیدا کی جائے گی، چھوٹے کاروبار کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

مریم نوازشریف نے مزید کہا کہ نوازشریف میثاق معیشت کو تعبیر دے گا، اداروں کی پھر سے تعمیر کرے گا، بیوروکریسی، ایف بی آر کی اصلاح کریں گے، نیب کے انتقام کا خاتمہ کر کے کاروباری برادری کے تحفظات دور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 90 کی دہائی سے 2013 سے 2018 تک کے وزیراعظم نوازشریف کے ہر دور میں پاکستانی معیشت اور عوام کی زندگی بہتر ہوئی، نوازشریف کی آمد کا مطلب کاروبار کا چلنا، صنعت اور تجارت کا دوبارہ زندہ ہونا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے نوے کی دہائی میں معیشت اور کاروبار کو حکومتی زنجیروں سے آزاد کیا، حکومت کا کام بزنس کرنا نہیں ہے، کاروباری، صنعتکار اور تاجر برادری کو مراعات دیں گے، سرکار نہیں عوام اور نجی شعبہ کاروبار کرے گا۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی کارکردگی پر کہا کہ 16 ماہ کی مختصر ترین مخلوط حکومت میں وزیراعظم شہبازشریف نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ نوجوانوں، خواتین، مزدوروں، کسانوں، صنعتکاروں، تاجروں سمیت تمام طبقات کو ریلیف دیں گے، نوجوانوں اور خواتین کو معاشی اور تعلیمی طور پر مواقع دیں گے، لیپ ٹاپ، ہنر، کاروبار کے لئے وسائل دیں گے۔