اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے معروف رئیل اسٹیٹ ڈویلپر امارات گروپ نے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ (REIT) مینجمنٹ کمپنی (RMC) کے قیام کا اعلان کیا ہے، یہ خوش آئند اقدام آئندہ سال امارات کے اپنے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے آغاز کا پیش خیمہ ہے۔
اس اہم ترین اقدام کے تحت نئی قائم کردہ "REIT" مینجمنٹ کمپنی ابتدائی طور پر امارات گروپ کے 15 منصوبوں کے وسیع پورٹ فولیو میں سے 4 پراجیکٹس کو شامل کرے گی، یہ منتخب منصوبے گروپ کی جدت، پائیداری اور اپنے سرمایہ کاروں کو قابل قدر مقام فراہم کرنے کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔
آئندہ چند برسوں میں ان "REIT" منصوبوں کے لیے قابل فروخت انوینٹری کا تخمینہ 1 بلین ڈالر ہے اور اس منصوبے کی صلاحیت اور سرمایہ کاروں کے لیے اس سے حاصل ہونے والے خاطر خواہ منافع کی نشاندہی کرتی ہے۔
امارات گروپ کے ترجمان کے مطابق ہم اپنی ترقی کے اس نئے باب پر بے حد پُرجوش ہیں، REIT مینجمنٹ کمپنی کا قیام ہمارے وژن کے عین مطابق ہے، جس کا مقصد مختلف نوعیت کی منافع بخش سرمایہ کاری کی فراہمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ اقدام نہ صرف ہمارے سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچائے گا بلکہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر اور بڑے پیمانے پر معیشت میں بھی مثبت کردار ادا کرے گا۔
ترجمان کے مطابق امارات گروپ تمام دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں کو اپنی نئی REIT مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتا ہے، REIT میں شامل منصوبوں کے بارے میں مزید تفصیلات جلد شیئر کی جائیں گی۔
امارات گروپ 15 پراجیکٹس پر مشتمل مختلف نوعیت کے پورٹ فولیوز کے ساتھ ایک سرکردہ رئیل اسٹیٹ ڈویلپر ہے، یہ "جذبہ تعمیر" کے فلسفے اور پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی مثبت تبدیلی کے ساتھ، سرمایہ کاروں کے لیے معیاری ترقی کے حصول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔