اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے آئی ایم ایف کے مشن چیف ناتھن پورٹر نے ملاقات کی، وزیر اعظم کو حکومتی ٹیم کے ساتھ تکنیکی سطح پر ہونے والے مذاکرات کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں پاکستان میں آئی ایم ایف کی ریذیڈنٹ نمائندہ ایستھر پیریز بھی شریک ہوئیں، ناتھن پورٹر نے سہ ماہی اہداف کو پورا کرنے میں حکومت پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔
ناتھن پورٹر نے کہا کہ ان کوششوں کے نتیجے میں تکنیکی سطح پر بات چیت کا مثبت نتیجہ نکلا ہے، دونوں ٹیموں نے ایس بی اے کے مختلف پہلوؤں پر وسیع بات چیت کی ہے۔
وفد نے تکنیکی سطح کے مذاکرات میں وزیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بینک اور ٹیم کے کردار کی تعریف کی، وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ جاری کام پر آئی ایم ایف کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
نگران وزیر اعظم نے وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف پروگرام کو آگے بڑھانے پر تعریف کی، انہوں نے گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔
انوار الحق کاکڑ نے آئی ایم ایف کے ساتھ متفقہ اصلاحاتی کوششوں کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔