اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 7 دسمبر کو ہونے کا امکان ہے، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے ایجنڈے میں پاکستان کا کیس شامل ہونے کی بھی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف بورڈ اجلاس سے قبل فنانسنگ کی ضروریات لازمی قرار دی گئی ہیں، پاکستان کو ایگزیکٹو بورڈ منظوری کے بعد 70 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط ملے گی۔
رواں مالی سال کے دوران پاکستان کو 25 ارب ڈالر فنانسنگ کی ضرورت ہے، خلیجی دوست ملک سے 1 ارب ڈالر، ایگزم بینک سے 1.2 ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے، چین نے دو سال کیلئے مزید قرض رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد: بینکوں پر ونڈ فال ٹیکس عائد کر دیا گیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل مارکیٹس، پراپرٹی اور ریٹیل سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا، گردشی قرضہ میں اضافہ روکنے کیلئے آئندہ بھی بجلی اور گیس ٹیرف بڑھانا ہو گا۔
عام انتخابات سے قبل نگران حکومت فروری میں نئے قرض پروگرام پر بات کر سکتی ہے، نگران حکومت آنے والی حکومت کیلئے معاشی حکمت عملی پر مبنی بلیوپرنٹ تیار کرے گی، رواں مالی سال مزید دس لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف مطالبات منظور، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی حقیقت سامنے آ گئی
ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ مہنگائی میں کمی کیلئے آئی ایم ایف کو سخت مانیٹری پالیسی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، آئی ایم ایف کو مارکیٹ کے مطابق ایکسچینج ریٹ برقرار رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔