لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ڈویژن میں سموگ اور فوگ سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
حکام کے مطابق لیسکو انتظامیہ نے سموگ اور فوگ سے سسٹم کو محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں، مختلف علاقوں میں بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن لائنوں کی مرمت اور دھلائی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا جبکہ ڈسک واشنگ یونٹ کے ذریعے انسولیٹرز اور ڈسکوں کو دھویا جا رہا ہے۔
ایکسیئن ایس ایس اینڈ ٹی ڈویژن شالیمار ملک محمد اشفاق کا کہنا ہے کہ سموگ کے باعث انسولیٹرز اور ڈسکوں پر گرد اور کاربن جم جاتا ہے، سموگ کے ساتھ جب فوگ شروع ہوتی ہے تو یہ کاربن اور گرد کیچڑ بن جاتا ہے، کاربن اور گرد پانی کی آمیزش سے انسولیٹرز اور ڈسکوں کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال سپارکنگ، بریک ڈاؤن اور دیگر تکنیکی خرابیوں کا باعث بنتی ہے۔
ملک محمد اشفاق کا کہنا تھا کہ اس صورتحال پر قابو پانے کیلئے ڈسک واشنگ یونٹ سے سسٹم کو محفوظ رکھنے کیلئے کام کیا جاتا ہے، اس وقت لیسکو میں سموگ سے سسٹم کو بچانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔