اسلام آباد: (دنیا نیوز) گیس صارفین قیمتوں میں مزید اضافے کیلئے تیار ہو جائیں، سوئی ناردرن نے گیس مزید 137.62 فیصد مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر دی۔
سوئی ناردرن نے گیس 1715 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی ہے، سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں اضافہ یکم جولائی 2023 سے مانگا ہے، درخواست 2023-24 کی آمدنی ضروریات میں کمی کو پورا کرنے کیلئے دائر کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2023-24 کیلئے 181 ارب 51 کروڑ 60 لاکھ روپے کمی کا تخمینہ ہے، سوئی ناردرن گیس کی قیمت 2961 روپے 98 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی جائے، گیس کی موجودہ قیمت 1246 روپے 49 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔
سوئی ناردرن کی جانب سے درخواست میں بقایا جات کی مد میں 1209 روپے 14 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا گیا، روپے کی قدر میں کمی کی مد میں 56 روپے 48 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا گیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے سوئی ناردرن کی درخواست پر سماعت 11 دسمبر کو ہوگی۔