لاہور : (دنیانیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اووربلنگ اوربجلی چوری روکنے کےلئےکریک ڈاؤن تیز کرنے کاحکم دے دیا ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایف آئی اے لاہور زونل آفس میں اجلاس ہوا ، اجلاس میں اوور بلنگ اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی اور گزشتہ دورے کے دوران دی گئی ہدایات پر پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور سرفراز ورک نے اجلاس کوبریفنگ دی جبکہ ڈی جی ایف آئی اے اسحاق جہانگیر ویڈیولنک پر اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےکہا کہ اووربلنگ کے ذریعے شہریوں پر بوجھ ڈالنے والے افسران کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، اووربلنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہےگی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ڈسکوز کی نااہلی اور غفلت کی سزا شہریوں کو دینا قطعا قبول نہیں ، بجلی صارفین کو اوور بلنگ میں ریلیف دینا ترجیح ہے۔
وزیرداخلہ نے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا اور بجلی چوری میں ملوث سرکاری عملے کے خلاف بھی بلاتفریق ایکشن لینے کی بھی ہدایت کی ۔