اسلام آباد: (مدثر علی رانا) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 15 مئی تک نان فائلرز کی سمز بند نہ کرنے پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے 5 لاکھ سے زائد نان فائلرز کی سمز بند نہ کرنے پر ٹیلی کام کمپنیوں کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے، ایف بی آر کی جانب سے پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیوں کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیوں کیخلاف درخواست دائر کرنے کیلئے قانونی ٹیم سے مشاورت شروع کر دی ہے، ایف بی آر اور وزارت خزانہ حکام پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیوں کیخلاف درخواست دائر کرنے پر متفق ہیں۔
خیال رہے کہ 10 روز سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود پی ٹی اے سمیت ٹیلی کام کمپنیوں نے نان فائلرز کی سمز بند کرنے کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا، ایف بی آر نے نان فائلرز کی موبائل سمز بند کروا کر نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا منصوبہ بنایا تھا۔