اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت وزارت منصوبہ بندی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کے امور پر اہم اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ایسے منصوبے لائے جائیں جس سے ملک میں پائیدار ترقی ممکن ہو، محصولات کی وصولی میں اضافے سے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز میسر ہو سکیں گے، تمام بڑے قومی ترقیاتی منصوبوں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن لازمی ہو گی۔
وزیراعظم نے ترقیاتی بجٹ اور پی ایس ڈی پی کے حوالے سے وزیر منصوبہ بندی کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی، کمیٹی پی ایس ڈی پی پروگرامز کے حوالے سے لائحہ عمل تشکیل دینے کے حوالے سے قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی تجاویز مرتب کرے گی۔
محمد شہبازشریف نے وفاقی پی ایس ڈی پی اور صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پلان میں ہم آہنگی اور روابط بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی، وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔