اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف ایف بی آر کو ٹیکس سسٹم ڈیجیٹائزڈ کرنے کیلئے تمام وسائل مہیا کریں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ٹیکس اصلاحات، معیشت کی ڈیجیٹائزیشن اور محصولات میں اضافے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر ملکی معیشت کا اہم ترین پہیہ ہے، حکومت ایف بی آر کی ہیومن ریسورس کی ترقی اور ڈیجیٹائزیشن کیلئے تمام وسائل مہیا کرے گی،ٹیکس چوروں، ٹیکس نادہندگان اور ان کی معاونت کرنے والے عناصر کا سد باب کرکے چھوڑیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم کا روزانہ کی بنیاد پر ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لینے کا فیصلہ
وزیراعظم نے واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ کو ٹیکس دینا ہی ہوگا، حکومت نے حالیہ بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے پر کم سے کم ٹیکس عائد کیا، ہماری اولین ترجیح ٹیکس کی شرح کو کم جبکہ ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہے، ٹیکس نظام کی مکمل ڈیجیٹائزیشن اور افرادی قوت کی استعداد میں ترجیحی بنیادوں پر اضافہ کر رہے ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس دینے کے اہل افراد کو جلد سے جلد ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم کو بین الاقوامی فرم میک کینزی اور کار انداز نے گزشتہ چار ہفتوں میں کی گئی پیشرفت پر بریفنگ دی، اس موقع پر محصولات بڑھانے کے حوالے سے قلیل مدتی اور وسط مدتی پلان بھی پیش کیا گیا۔