اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ، نیپرا نے بجلی صارفین کیلئے نرخوں کے نئے سلیب جاری کر دیئے۔
نیپرا کی جانب سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7.12 روپے تک فی یونٹ اضافے کے علاوہ بجلی صارفین پر دو سو سے ایک ہزار روپے فکسڈ چارجز بھی لاگو ہوں گے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ رواں مالی سال کیلئے کیا گیا۔
نئے سلیب میں ایک یونٹ بھی اوپر جانے سے تمام استعمال شدہ یونٹس پر نیا ریٹ لاگو ہوگا، گھریلو صارفین کیلئے کم از کم نرخ 23 روپے 73 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، 6 ماہ مسلسل 2 سو یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں سے 26.11 روپے فی یونٹ وصول کئے جائیں گے۔
100 یونٹ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے فی یونٹ نرخ 23.73 مقرر کیے گئے ہیں جبکہ 200 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے بجلی کے نرخ 25.53 روپے فی یونٹ ہوں گے۔
201 سے 300 یونٹ والے صارفین کیلئے بجلی کے نرخ 29.74 روپے اور 301 سے 400 یونٹ استعمال کرنے پر بجلی کے نرخ 32.98 روپے فی یونٹ ہوں گے۔
401 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والوں کو 34.27 روپے فی یونٹ ادا کرنا ہوں گے، 501 سے 600 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے 35.64 روپے فی یونٹ ادائیگی کریں گے۔
601 سے 700 یونٹ بجلی استعمال کرنے پر 36.96 روپے فی یونٹ ادا کرنا ہوں گے، 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے پر بجلی کا ریٹ 41.69 روپے فی یونٹ ہوگا۔
کمرشل صارفین کیلئے بجلی کے نئے نرخ 41 روپے فی یونٹ تک مقرر کیے گئے ہیں، صنعتی صارفین کیلئے بجلی کے نئے نرخ 30 روپے فی یونٹ اور زرعی صارفین کیلئے بجلی کے نئے نرخ 22 روپے 85 پیسے فی یونٹ تک مقرر کیے گئے ہیں۔