اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے صدر ایشیائی ترقیاتی بینک مساتسوگو آساکاوا نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور 2 منصوبوں پر دستخط کیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اے ڈی بی کے وفد کو حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کے سلسلے سے آگاہ کیا، ٹیکس محصولات میں اضافہ، توانائی شعبے کی مالی استحکام بہتر بنانے پر بریفنگ دی۔
شہباز شریف نے وفد کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے خلاف اقدامات اور سبسڈی میں کمی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ اصلاحات پر پیشرفت کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔
وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے وقت اے ڈی بی کی ڈیڑھ ارب ڈالر امداد کو سراہا، شہباز شریف نے ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔
صدر اے ڈی بی مساتسوگو آساکاوا نے ایک بانی ممبر کی حیثیت سے بینک کے ساتھ پاکستان کی طویل وابستگی کو سراہا، مساتسوگو آساکاوا نے جامع اصلاحات پر حکومت پاکستان کی تعریف کی۔
انہوں نے مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور ادارہ جاتی اصلاحات میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے عزم کی تجدید کی۔
ملاقات کے بعد سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پراجیکٹ کے مسودے پر دستخط کیے گئے، خیبرپختونخوا دیہی روڈز ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے مسودے پر بھی دستخط کئے گئے۔