تاجروں کے مسائل کے متعلق آواز اسمبلی میں اٹھائیں گے: حنیف عباسی

Published On 02 December,2025 06:56 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ تاجروں کے مسائل کے متعلق آواز اسمبلی میں اٹھائیں گے۔

جڑواں شہروں کے راولپنڈی چیمبر میں خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ آئندہ سال ہم ساٹھ سے پینسٹھ ارب روپے فریٹ سے کمائیں گے، پانچ سو کلو میٹر نیا ٹریک نوکنڈی سے ملنے جا رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ لاہور راولپنڈی ٹریک بھی جلد تعمیر ہوگا،پنجاب حکومت اڑھائی گھنٹے میں لاہور سے راولپنڈی کیلئے ٹرین چلائے گی، راولپنڈی اسلام آباد میں تاجروں کی جدوجہد کی کوششیں نظر نہیں آرہی ہیں،اپنا حق لینے کے لیے لڑنا پڑتا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کابینہ میں وزیراعظم سے کہا کہ انڈسٹری چل رہی نہ سرمایہ کاری آرہی ہے،وزیر اعظم چاہتے ہیں میں کابینہ میں بات کروں،آج چائنہ میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔

حنیف عباسی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کہتے ہیں میرا پسندیدہ فیلڈ مارشل کہاں ہے، طاقتور بندہ ہی صلح کراتا ہے، ہم نے جیلیں کاٹیں، میں نے ملک کے خلاف بات نہیں کی،دشمنوں کی صفوں میں کھڑے سوچ لیں پناہ کون دے گا، ہمیں اُس وقت معلوم ہوا کہ یہ افغانی ہیں جب ہمارے پرچم کو روندا گیا نعرے لگائے گئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے اُن کو ساتھ رکھا اور وہ ہندوستان کی گود میں جا بیٹھے، افغانستان والے یاد رکھیں اُس وقت ساری دنیا اور ہم آپ کے ساتھ کھڑے تھے، پستول کی بات نہ کریں اب صورتحال مختلف ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ہمیں جو تقسیم کرنا چاہتا ہے وہ ہمارا دشمن ہے،اپنے لوگوں کو چور کہتے ہیں وہ خود چور ہیں،ٹرمپ کی بات کروں گا سعودی عرب کے بادشاہ کو کیا استقبال ملتا ہے ،اُس استقبال کے بعد انہوں نے 600 کے بعد 400 بلین ڈالر کی بات کردی۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے اپنے ملک کے لیے ٹریلین ڈالر سرمایہ کاری کی بات کی، ہمارے ملک کیلئے دس مئی والا معجزہ ہوا ہے، دفاعی لحاظ سے ملک کو جو مقام ملا، اُس کے بعد معیشت میں بہتری آئے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ وعدہ کررہا ہوں وزیر اعظم کی جانب سے اکانومی کو بہتر بنائیں گے، یہ ہائی ریٹ ٹیکس کم ہوں گے تو ہی اکانومی پھل پھول سکے گی،تاجران کو جو مسائل ہیں آپکی آواز کابینہ اور اسمبلی میں اٹھائیں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ جو تجاویز آپ دیں گے اُس میں آپ کی بھر پور نمائندگی کریں گے،حکومت وقت کو آپ کے مسائل سے مکمل سروکار ہے، جلد رزلٹ بھی نکلتا دکھائی دے گا۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ پاکستان کو وینٹی لیٹر سے اٹھا کر لیڈر شپ نے ملک کا گراف اوپرکر دیا ہے جلد ملک میں ایک بھاری سرمایہ کاری آتی دیکھیں گے۔