خلاصہ
- کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں پیپلز ٹرین سروس سمیت مختلف جوائنٹ وینچر منصوبوں کے آغاز پر اصولی اتفاق کر لیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت پاکستان ریلویز اور حکومت بلوچستان کا مشترکہ اجلاس ہوا۔
اجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی 78 سالہ تاریخ میں پہلی بار صوبائی سطح پر ڈیولوشن کا تاریخی فیصلہ کیا، مقامی ریلوے سروسز میں تینوں صوبوں نے دلچسپی ظاہر کی، عملی قیادت بلوچستان نے سنبھالی۔
وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں ریلویز بلوچستان میں جدید اور مؤثر حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ پیپلز ٹرین سروس پاکستان ریلویز اور حکومت بلوچستان کے باہمی اشتراک کی شاندار مثال ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پیپلز ٹرین سروس منصوبے پر تیز رفتار اور عملی پیش رفت چاہتے ہیں، نئے ریلوے سٹیشنز کی تعمیر اور موجودہ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے حکومت بلوچستان مطلوب وسائل فراہم کرے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پیپلز ٹرین سروس کے لیے ایک ارب چالیس کروڑ روپے رواں ہفتے جاری کر دیئے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سریاب تا کچلاک پیپلز ٹرین سروس کی کامیابی کے بعد مستونگ سے پشین اور دیگر علاقوں تک دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ریلویز فٹ بال گراؤنڈ کا دورہ کیا، کھیلوں کے فروغ اور پاکستان ریلویز کی اراضی پر مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ریلوے سسٹم کی بحالی اور عوام کو سستی، محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔