خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور ازبکستان کی تجارت پر سرمایہ کاری اور رابطہ کاری تیز کرنے پر اتفاق ہو گیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ازبک وزیر لذیز قدرتوف کی اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور ازبکستان کے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو عملی شکل دینے پر زور دیا گیا، ملاقات میں بتایا گیا گزشتہ سال پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت میں 10 فیصد اضافہ ہوا۔
ازبکستان کی پاکستان سے درآمدات میں 12 فیصد اور برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ پاکستان اور ازبکستان کا دوطرفہ تجارت کا ہدف دو ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔
ملاقات میں ترجیحی تجارتی فریم ورک میں مصنوعات کی فہرست 34 سے بڑھا کر 92 کرنے پر پیش رفت ہوئی تاہم ازبکستان میں 228 پاکستانی کمپنیاں فعال کی گئی جبکہ گزشتہ سال 80 نئی کمپنیاں بھی رجسٹرڈ ہوئیں۔
پاکستان اور ازبکستان کے درمیان براہِ راست فضائی پروازوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ملاقات میں اسلام آباد اور لاہور سے ہفتہ وار پروازیں اور کراچی سے بھی پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ کیا گیا ہے، متبادل تجارتی راستوں اور شمالی کوریڈور کے استعمال پر بھی مشاورت کی گئی جبکہ پاکستان، چین اور وسطی ایشیا کے مابین گرین کوریڈور کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
ملاقات مین کان کنی، معدنیات، خوراک اور زراعت میں مشترکہ منصوبوں پر بھی اتفاق ہوا جبکہ دونوں ممالک کا قریبی فالو اپ اور B2B روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔