پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 70 کروڑ ڈالر قرض معاہدہ

پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 70 کروڑ ڈالر قرض معاہدہ

ترجمان وزارتِ اقتصادی امور کے مطابق یہ مالی معاونت انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کے ذیلی پروگرام ایس پی ون کے تحت دی جائے گی جبکہ مجموعی رقم میں سے 25 کروڑ ڈالر رعایتی شرائط پر فراہم کیے جائیں گے۔

معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر نے دستخط کیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو پاکستان کا قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کا مقصد مالیاتی شعبے کو مضبوط بنانا اور جامع اصلاحات متعارف کرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام "اڑان پاکستان" اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے انشورنس شعبے کی ترقی کے پانچ سالہ روڈ میپ کی معاونت کرے گا جبکہ قومی مالیاتی شمولیت کی حکمت عملی اور قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی کے اہداف سے بھی مکمل ہم آہنگ ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر نے کہا کہ یہ ایک اہم اور انقلابی نوعیت کا پروگرام ہے جس کا مقصد انشورنس شعبے میں نئی کمپنیوں کے داخلے کو آسان بنانا اور منصفانہ مسابقت کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اثاثوں کے بیمہ میں نجی انشورنس کمپنیوں کی شمولیت بڑھائی جائے گی جبکہ اس پروگرام کے ذریعے ریگولیٹری نظام اور صارفین کے تحفظ کو بھی مزید مضبوط بنایا جائے گا۔