پٹرولیم سیکٹر کے گردشی قرض میں ایک سال میں 323 ارب کا اضافہ

پٹرولیم سیکٹر کے گردشی قرض میں ایک سال میں 323 ارب کا اضافہ

روزنامہ دنیا کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق پٹرولیم ڈویژن کا جون 2026 تک گردشی قرضہ 3611 ارب روپے ہے، اس گردشی قرضے میں پرنسپل رقم 1839 ارب جبکہ اس پر سود کی رقم 1772 ارب روپے ہے۔

ایک سال کے دوران گردشی قرضے میں 323 ارب روپے کا اضافہ ہوا ۔ یہ اضافہ جون 2025 سے جون 2026 تک کے عرصے میں ہوا، جون 2025 میں یہ گردشی قرضہ 3288 ارب روپے تھا جو کہ جون 2026 میں 3611 ارب پر پہنچ گیا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گردشی قرضے میں اضافہ بنیادی طور پر اس پر واجب الادا سود کی رقم میں ہوا ہے۔

ایک سال کے دوران سود کی رقم میں 316 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جون 2025 میں گردشی قرضے پر لیٹ پیمنٹ سرچارج 1456 ارب روپے تھا جو جون 2026 میں بڑھ کر 1772 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

اب وزارتِ پٹرولیم نے ایک پلان تجویز کیا ہے جسے منظوری کیلئے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو بھیجا گیا ہے۔

سرکاری دستاویزات جو روزنامہ دنیا کو دستیاب ہیں کے مطابق پہلے مرحلے میں 1495 ارب روپے کا قرضہ ختم کرنے کی تجویز ہے،اس قرضے کے خاتمے کیلئے پٹرولیم لیوی بھی استعمال کی جائے گی۔