خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) اپٹما کے سالانہ انتخابات میں ڈاکٹر گوہر اعجاز گروپ نے کلین سویپ کر لیا۔
سالانہ انتخابات میں اسد شفیع مرکزی چیئرمین اپٹما جبکہ صدیق جاوید بھٹی چیئرمین اپٹما نارتھ منتخب ہوگئے، گوہر اعجاز گروپ نے مخالف گروپ کو بھاری مارجن سے شکست دی۔
پیٹرن انچیف اپٹما ڈاکٹر گوہر اعجاز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گروپ کو 17 ویں مرتبہ فتح نصیب ہوئی، 60 فیصد سے زیادہ برآمدات ٹیکسٹائل شعبہ کرتا ہے، ٹیکسائل انڈسٹری نے پاکستان کا جھنڈا پوری دنیا میں بلند کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ صنعت کاری اور ملکی معیشت کی ترقی کیلئے اپٹما ساتھ دیتی ہے، پاکستان میں کاٹن ملز کو دوبارہ فعال کرنا ہوگا، دنیا میں سب سے مہنگی پالیسی اور بجلی پاکستان میں ایکسپورٹرز کیلئے ہے۔
پیٹرن انچیف ڈاکٹر گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے خلاف غلط بیان بازی بند کی جائے، بڑے عہدوں پر بیٹھے افراد گنتی تو ٹھیک کر لیں، بزنس مین ملکی سرمایہ ہیں، ان کی عزت کرنا سیکھیں۔
واضح رہے کہ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملزایسوسی ایشن کا قیام 1957 میں عمل میں آیا اور 50 سال تک دو نسلوں پر محیط عرصے میں اس پر منشا، سیگل اور مونو خاندانوں کا غلبہ رہا۔
تاہم 2010 کے انتخابات میں گوہر اعجاز گروپ نے انہیں 0-24 کے بھاری فرق سے شکست دی، اپٹما کے یہ انتخابات پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی تجارتی تنظیم کے سب سے بڑے انتخابات تھے، تب سے گوہر اعجاز گروپ مسلسل 17 سالوں سے متفقہ طور پر یہ انتخابات میں کلین سویپ کر رہا ہے۔