خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) مالی سال 2026-27 کے پہلے تین ماہ جولائی تا ستمبر کے دوران ترقیاتی اخراجات کی رپورٹ جاری کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا ستمبر ترقیاتی اخراجات کی مد میں 61 ارب 31 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔ پی ایس ڈی پی 2026-27 کا مجموعی حجم ایک ہزار ارب روپے تھا۔
وفاقی وزارتوں کیلئے مختص 682 ارب 48 کروڑ روپے میں سے پہلی سہ ماہی میں 43 ارب 85 کروڑ روپے جاری ہوئے جبکہ کارپوریشنز کیلئے مختص 312 ارب 51 کروڑ روپے میں سے 17 ارب 46 کروڑ روپے جاری کئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں پر ستمبر تک 9 ارب 29 کروڑ روپے خرچ ہوئے، این ٹی ڈی سی اور پیپکو کے منصوبوں پر 8 ارب 17 کروڑ روپے جاری کئے گئے۔
پلاننگ ڈویژن کے منصوبوں پر ستمبر تک ایک ارب 56 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوئے جبکہ ریلوے ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں پر 2 ارب 34 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق آبی وسائل کے منصوبوں کیلئے 103 ارب 86 کروڑ روپے مختص کئے گئے، جن میں سے ستمبر تک 13 ارب 28 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔