خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کیریک ٹرنچ تھری منصوبے کیلئے بروقت تکمیل کیلئے مربوط اقدامات پر زور دیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں سردار اویس احمد خان لغاری کی درخواست پر کیریک ٹرنچ تھری منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور سردار اویس احمد خان لغاری نے کی، اجلاس میں منصوبے پر عمل درآمد کی موجودہ صورتحال، بروقت تکمیل کے لیے ضروری اقدامات اور متعلقہ امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیے گئے کیریک ٹرنچ تھری منصوبے کے چاروں حصوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، شرکاء نے منصوبے پر عمل درآمد کی رفتار کا جائزہ لیا اور اس کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے درکار اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔
دوسری جانب اجلاس میں زمین کے حصول، منصوبے سے متاثرہ افراد کی بحالی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مقررہ تقاضوں کے مطابق منصوبے پر عمل درآمد سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا، اس موقع پر منصوبے کی تکمیل میں حائل معاملات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ کیریک ٹرنچ تھری منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کے لیے مربوط اقدامات ناگزیر ہیں، انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ منصوبے سے متعلق امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے تاکہ اس کی بروقت تکمیل کے لیے پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس میں قومی اسمبلی کے اراکین سردار عمار احمد خان لغاری، سردار ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن خان دریشک اور سردار شمشیر علی مزاری، کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چودھری سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں اجلاس میں منصوبے کے مختلف حصوں پر عمل درآمد، زمین کے حصول، متاثرین کی بحالی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش رفت تیز کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی کی اہمیت اجاگر کی گئی۔