پاک-امریکہ ٹیک کنیکٹ سیریز 2026 کا آخری ایونٹ، پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی شرکت

پاک-امریکہ ٹیک کنیکٹ سیریز 2026 کا آخری ایونٹ، پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی شرکت

ایونٹ میں ڈیجیٹل معیشت میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی شراکت داری اور کاروباری مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

پاکستانی سفارتخانے واشنگٹن، قونصل خانہ، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور اوپن گلوبل کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ ایونٹ کا افتتاح امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کیا، اس موقع پر سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان کی ابھرتی ہوئی تکنیکی صلاحیتوں کو امریکی مارکیٹ سے جوڑنے کے لیے دیرپا اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داریوں کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستانی آئی ٹی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے اور پاک-امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026 کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کی تکنیکی استعداد اور کاوشوں کو امریکی مارکیٹ میں متعارف کروانا ہے۔

سفیر پاکستان کے مطابق، پاک-امریکہ ٹیک کنیکٹ سیریز کو بے حد پذیرائی ملی ہے، گزشتہ تین سال سے سالانہ روڈ شوز کے ذریعے پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو عالمی پلیٹ فارم پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔

رضوان سعید شیخ نے پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی جانب سے جدید مصنوعات اور بڑھتی ہوئی تخلیقی صلاحیتوں کے مظاہرے کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سیریز ایک جاری عمل ہے اور اس کے بہتر نتائج بتدریج حاصل ہوں گے۔

ایونٹ سے الینوائے کے اسٹیٹ نمائندے جسٹن سلاٹر اور اسٹیٹ سینیٹر لورا مرفی نے بھی خطاب کیا۔

الینوائے اکنامک ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے نائب صدر برائے فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ ڈینیئل بیلفلور نے ریاست کی اقتصادی ترقی کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔

پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل جیڈی نے پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں موجود کاروباری مواقع، ہنرمند افرادی قوت، مسابقتی برتری اور جدت پر مبنی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کیا، اگنائٹ کے سی ای او بلال عباسی نے پاکستانی اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم جبکہ اوپن گلوبل کے صدر طارق خان نے دوطرفہ تعاون کے مواقع پر اظہار خیال کیا۔

ایونٹ میں پاکستانی ٹیک کمپنیوں نے امریکی کاروباری اداروں کیلئے اپنی تکنیکی صلاحیتوں اور خدمات پر مبنی پریزنٹیشنز پیش کیں، شرکت کرنے والی کمپنیوں میں اسٹریٹیجک سسٹمز انٹرنیشنل، ٹین پرلز، ابیکس، سسٹمز لمیٹڈ، نیکسٹ برج، ایڈو اے آئی، ایکسی لینس ڈیلیورڈ، فولیو تھری اور ٹی ایم سی شامل تھیں۔

پروگرام کے دوران پاکستانی ٹیک کمپنیوں کی امریکی مارکیٹ تک رسائی، انٹرپرائز پارٹنرشپس کے فروغ اور امریکی مارکیٹ کی ضروریات سے متعلق پینل مباحثے بھی منعقد کئے گئے، اس موقع پر امریکی مارکیٹ میں مؤثر داخلے، سرمایہ کاروں اور خریداروں کی توقعات اور آؤٹ سورسنگ کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

پاک-امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026 میں نیٹ ورکنگ سیشنز کے دوران مڈویسٹ کی کمپنیوں اور پاکستانی وفد نے کاروباری ضروریات اور ممکنہ شراکت داریوں پر تبادلۂ خیال کیا، امریکی اور پاکستانی کاروباری نمائندوں نے مستقبل میں روابط، ممکنہ شراکت داریوں اور تجارتی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

اختتامی خطاب میں قونصل جنرل زمان مہدی نے شرکاء اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا اور ایونٹ کے انعقاد میں حکومتی اداروں، نجی شعبے اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے بھرپور تعاون کو سراہا۔