تاجر ایس ایم ایز برآمدات میں سہولت کی سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں: بلال اظہر کیانی

تاجر ایس ایم ایز برآمدات میں سہولت کی سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں: بلال اظہر کیانی

وزارت خزانہ میں ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن سکیم کا جائزہ لینے کے لیے قائم کمیٹی کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے اور ملکی صنعت کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

اجلاس میں سیکرٹری تجارت، وزارت خزانہ و تجارت کے اعلیٰ حکام، ایف بی آر، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن، پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں اور ممتاز برآمد کنندگان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن سکیم کو مزید مؤثر بنانے، طریقہ کار آسان کرنے اور اسے بدلتے ہوئے تجارتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر مملکت نے واضح کیا کہ سکیم کے کسی بھی زمرے میں شمولیت کے لیے مقررہ اہلیت کے معیار کا یکساں اطلاق ہوگا اور معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 بلال اظہر کیانی کہا کہ نے برآمدات کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) پر زور دیا ہے کہ وہ وزیراعظم کی ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن سکیم (ای ایف ایس) سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

بلال اظہر کیانی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ برآمد کنندگان کے لیے سرمایہ جاتی اشیا اور پیداواری مشینری کی درآمد سے متعلق ضوابط کو مزید واضح اور آسان بنایا جائے۔

اجلاس میں برآمدی اخراجات میں کمی، مقامی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن اور ملکی صنعتی و پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے مجوزہ ترامیم پر بھی غور کیا گیا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ برآمدی سکیموں پر نظرثانی کرکے انہیں برآمد کنندگان کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ ان سے زیادہ سے زیادہ معاشی فوائد حاصل کیے جا سکیں۔

دوسری جانب اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ برآمدات میں اضافے اور قومی معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے متعلقہ فریقوں اور تجارتی تنظیموں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔