تھر کوئلے کی کان کنی میں ڈیزل کی جگہ قومی گرڈ سے بجلی فراہم کرنے کا منصوبہ شروع

تھر کوئلے کی کان کنی میں ڈیزل کی جگہ قومی گرڈ سے بجلی فراہم کرنے کا منصوبہ شروع

پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی زیر صدارت تھر بلاک ون اور بلاک ٹو کو بجلی کے قومی نظام سے منسلک کرنے کے منصوبے کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں دونوں بلاکس کی کان کنی کو قومی گرڈ سے منسلک کرنے کا ٹھیکہ دے دیا گیا ہے جبکہ ٹھیکیدار نے سائٹ پر کام بھی شروع کردیا ہے۔

منصوبہ اپریل 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاہم اسے اصل شیڈول سے 8 سے 9 ماہ پہلے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ تھر میں ڈیزل کی جگہ قومی گرڈ سے بجلی استعمال کرنے سے سالانہ 25 سے 30 ملین ڈالر زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے۔

اعلامیے کے مطابق تھر میں کان کنی کے لیے ڈیزل پر روزانہ ڈھائی کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں جبکہ روزانہ 2 لاکھ سے 2 لاکھ 50 ہزار لٹر ڈیزل استعمال کیا جاتا ہے، کان کنی کے لیے ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے کی لاگت 33 سینٹ سے کم ہوکر 13 سینٹ فی یونٹ رہ جائے گی، جس سے بجلی کی لاگت میں 60 فیصد سے زائد کمی متوقع ہے۔

تھر بلاک ون اور بلاک ٹو کو اسلام کوٹ گرڈ اسٹیشن سے 132 کلو وولٹ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے منسلک کیا جائے گا، دونوں بلاکس میں کان کنی کے مقامات کو 60 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔ کان کنی کے دوران روزانہ 35 ہزار لٹر ڈیزل صرف پانی نکالنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق تھر کوئلے کے ٹیرف میں کمی سے بجلی کی مجموعی خریداری کی لاگت بھی کم ہوگی جبکہ ڈیزل کے استعمال میں کمی سے سالانہ 80 ہزار ٹن کاربن اخراج کم ہونے کی توقع ہے۔

تھر بلاک ون میں رواں سال کے اختتام تک 40 الیکٹرک ٹرک شامل کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ بلاک ٹو میں 2028 میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کا آغاز کیا جائے گا، کان کنی میں ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کو مرحلہ وار بجلی سے چلنے والے نظام پر منتقل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کان کنی میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کی درآمدات میں کمی سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہوگا اور مقامی کوئلے سے سستی بجلی کی پیداوار ممکن ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ تھر کے قومی وسائل کو صارفین کے لیے سستی بجلی میں تبدیل کیا جا رہا ہے، اعلامیے کے مطابق تھر کا کوئلہ سی پیک کا اہم حصہ اور پاکستان کی توانائی سلامتی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔