خلاصہ
- اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکا نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہم معدنیات کے شعبے میں تعاون ٹرمپ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے مختلف ملاقاتوں اور سرگرمیوں کے دوران کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ مل کر اہم معدنیات کے شعبے میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے، جس سے دونوں ممالک ترقی اور خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں۔
امریکی سفارتخانے کے ترجمان کین ہیرلسن کے مطابق پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے تیار امریکی کمپنیاں کان کنی، پراسیسنگ اور ریفائننگ کے شعبوں میں عالمی معیار کی مہارت فراہم کریں گی، امریکی سرمایہ کاری سے پاکستانی شہریوں کے لیے روزگار اور تربیت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ اہم معدنیات کے شعبے میں تعاون کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے اور یہ شعبہ اس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
دوسری جانب امریکی میرینز کی 251ویں سالگرہ بھی منائی گئی، امریکی سفارتخانے کے مطابق میرینز 1949 سے دنیا بھر میں امریکی سفارتی تنصیبات کے تحفظ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، اس موقع پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔