لاہور: (روزنامہ دنیا) سابق کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ محمد عامر کی ریٹائرمنٹ پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اب ان کی جگہ نہیں بنتی۔ سابق کرکٹر کہتے ہیں کہ کرکٹ کھیلنا یا نہ کھیلنا ہر کھلاڑی کا اپنا فیصلہ ہوتا ہے، محمد عامر کے فیصلے پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔
عاقب جاوید نے مزید کہا کہ محمد عامر کی جب تک ضرورت تھی ان کو پی سی بی نے بہت سپورٹ کیا، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور وہاب ریاض کا باؤلنگ کمبی نیشن مضبوط ہے، محمد عامر کی اب ٹیم میں جگہ نہیں بنتی، محمد عامر اب لیگ کرکٹ پر اپنا فوکس رکھیں۔
فاسٹ باؤلر سہیل تنویر نے کہا کہ محمد عامر نے دل برداشتہ ہوکر یہ فیصلہ کیا ہے، جب کوئی کرکٹر ایسے مرحلے سے گزرتا ہے تو دل برداشتہ ہوجاتا ہے، میرے ساتھ بھی ایسا سلوک ہوا لیکن ریٹائرمنٹ کا فیصلہ نہیں کیا، میرا یقین ہے کہ دل برداشتہ ہونے کے بجائے اس کا سامنا کرنا چاہئے، محمد عامر کو ابھی فائٹ کرنا چاہئے تھی اس طرح کرکٹ سے علیحدگی نہیں اختیار کرنی چاہئے تھی۔