لاہور: (ویب ڈیسک) سابق کپتان اور پی ایس ایل میں ٹیم ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے شاہد خان آفریدی نے کیریئر کا آخری سیزن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ میں اس وقت ملتان سلطانز کا حصہ ہوں اور اگر انہوں نے مجھے اجازت دی تو میں اپنے آخری سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا چاہوں گا۔ فٹ رہنے کے لیے ٹریننگ بھی کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی پی ایس ایل کے رواں سیزن میں ٹریننگ کے دوران کمر کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے تھے تاہم ان کی ٹیم ملتان سلطانز نے ان کے بغیر چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس کے فائنل میں ٹیم کے ساتھ نہیں تھا لیکن میں محمد رضوان، صہیب مقصود اور شان مسعود کے ساتھ پیغام رسانی کے ذریعے مسلسل رابطے میں تھا۔ میں ان کی رہنمائی کرتا تھا اور بڑے میچوں، خاص کر فائنل کی اہمیت کے حوال سے اپنے تجربات سے آگاہ کرتا رہاکہ اب جیتنا کیسے ہے۔