لاہور: (ویب ڈیسک) چار ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 7 رنز سے شکست دیدی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان پولارڈ نے ٹاس جیت کر پہلے مہمان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم میں اعظم خان کی جگہ صہیب مقصود کو شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔
پاکستانی بیٹنگ:
پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور محمد رضوان نے کیا، دونوں نے ابتدائی میں جارحانہ انداز اپنایا اور وکٹ کے چاروں اطراف شارٹس کھیلے، طویل عرصے بعد پاکستان کی اوپننگ جوڑی کو تبدیل کیا گیا۔
5 ویں اوورز میں شرجیل خان 16 گیندوں پر 20 رنز بنائے تھے کہ ہولڈر کا نشانہ بن گئے، اس دوران کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 58 گیندوں پر 67 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔
113 کے مجموعی سکور پر محمد رضوان رن آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 46 رنز بنائے۔ بابر اعظم جیسن ہولڈر کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے اپنے کیریئر کی 20 ویں ففٹی بنائی اور 51 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
دیگر بیٹسمینوں میں محمد حفیظ 6 ، فخر زمان 15، حسن علی0، صہیب مقصود 5، شاداب 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوور میں 157 رنز بنائے۔ ہولڈر نے 4 شکار کیے، براوو کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔
ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ:
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی طرف سے اننگز کا آغاز آندرے فلیچر اور لوئس کیا، آل راؤنڈر محمد حفیظ نے پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر فلیچر کو صفر پر پویلین بھیج دیا۔ کرس گیل ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 20 گیندوں پر 16 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
شیمرون ہیٹمائر کی اننگز کا خاتمہ محمد وسیم نے کیا، بیٹسمین نے 17 سکور کی باری کھیلی۔ ایون لوئس 35 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ پولارڈ 13 سکور بنا کر پویلین لوٹے۔ شاہین شاہ نے وکٹ حاصل کی۔
نکولس پوران نے مزاحمتی 62 رنز کی اننگز کھیلی جو رائیگاں گئی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 150 رنز بنا سکی۔ حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، محمد حفیظ اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی سکواڈ:
بابر اعظم، محمد رضوان، شرجیل خان، محمد حفیظ، فخر زمان، صہیب مقصود، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر، عثمان قادر
ویسٹ انڈیز سکواڈ:
آندرے فلیچر، لوئس، گیل، ہٹمائر، نکولس پوران، پولارڈ، جیسن ہولڈر، براوو، ہیڈن والش، عقیل حسین، شیفرڈ