افغان بورڈ کا آسٹریلیا سے ٹیسٹ منسوخ نہ کرنیکا مطالبہ

Published On 13 September,2021 09:41 am

کابل: (روزنامہ دنیا) افغان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا سے تاریخی ٹیسٹ میچ منسوخ نہ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

افغانستان میں طالبان کی جانب سے خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد آسٹریلیا نے دونوں ٹیموں کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کی دھمکی دی تھی۔ افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ 27 نومبر کو ہوبارٹ میں شیڈول ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حامد شنواری نے ایک بیان میں کہا کہ کھیل کو منسوخ کرنا ثقافت اور مذہبی اقدار کو تبدیل نہیں کرے گا، اگر آسٹریلیا کی طرح دیگر قومیں بھی افغان ٹیم سے میچ کا بائیکاٹ کرتی ہیں تو یہ افغانستان سے کرکٹ کے خاتمے کا سبب بن سکتا ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے سی ای او نے کرکٹ آسٹریلیا سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی متوازن کرکٹ ڈپلومیسی پر غور کرے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ میچ کی میزبانی پر رضا مندی آسٹریلوی بورڈ کی جانب سے افغان عوام کے لیے تحفہ ہوگا، اس سے تعلقات مضبوط ہوں گے۔
 

Advertisement