خلاصہ
- لندن: (دنیا نیوز) چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تائیوان کو امریکی اسلحے کی فروخت روکنے کیلئے دباؤ ڈالنے کا امکان ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شی جن پنگ رواں ہفتے واشنگٹن کے دورے کے دوران 1982ء کے مشترکہ اعلامیے کا حوالہ دیتے ہوئے امریکا سے تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان سربراہ ملاقات سے قبل ہونے والی بات چیت میں چین کی جانب سے 1982ء کے تیسرے مشترکہ اعلامیے کی اپنی تشریح سامنے رکھے جانے کا امکان ہے۔
اس اعلامیے کے تحت امریکا نے تائیوان کو اسلحے کی فروخت بتدریج کم کرنے اور تائیوان کو طویل مدتی بنیادوں پر ہتھیار فراہم نہ کرنے کے ارادے کا اظہار کیا تھا۔
چین نے گزشتہ 5 برس کے دوران تائیوان کے گرد اپنی فوجی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جن میں لائیو میزائل فائرنگ کے ساتھ جنگی مشقیں بھی شامل ہیں۔
چینی صدر آج رات واشنگٹن پہنچیں گے، ان کے کل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ باضابطہ مذاکرات ہوں گے، جبکہ جمعے کو نیشنل آرکائیوز کے دورے کا امکان ہے۔