خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں کاہنہ کے علاقہ میں نجی فارم ہاؤس پر شیر کے حملے سے نگران جاں بحق ہوگیا۔
پنجاب وائلڈلائف نے اطلاع ملنے پر قانونی کارروائی شروع کردی، واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، زخمی کیئر ٹیکر کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گیا۔
وائلڈ لائف حکام نے کہا کہ پولیس نے بریڈنگ فارم مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرکے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ کاہنہ پولیس نے فارم ہاؤس مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر نعمان کو گرفتار کر لیا، حملہ آور شیرنی کو فارم ہاؤس سے وائلڈ لائف کی تحویل میں دے دیا گیا۔
نعمان ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاؤس پہنچا تھا جہاں شیرنی قابو سے باہر ہو گئی، شیرنی کے حملے سے فارم کا ملازم 19 سالہ طلحہ شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی طلحہ کو علاج کے لیے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا، واقعہ کی حقیقت چھپانے کے لیے شیرنی کے حملے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ مشکوک صورتحال کی جانچ کی گئی تو شیرنی کے حملے کا انکشاف ہوا، متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ٹک ٹاک کا شوق کسی انسانی جان سے بڑھ کر نہیں ہو سکتا، واقعہ کی حقیقت چھپانے کی کوشش اور غفلت کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات ہوں گی، شوق یا تفریح کے نام پر انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔