لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کی گزشتہ ماہ گورننگ کونسل میں پیش کردہ پیشکش کو قبول کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل نے گورننگ کونسل کے اجلاس میں پی سی بی کی جانب سے پیش کردہ پیشکش کو قبول کرلیا جو کہ درج ذیل ہیں۔
1۔پی ایس ایل 5 اور 6 کے لیے فرنچائزز کو کوویڈ 19 ریلیف دینا۔
2۔ پی ایس ایل کے 7ویں سے 20ویں ایڈیشن تک سینٹرل پول آف ریونیو میں فرنچائزز کے شیئر میں اضافہ کرنا۔
3۔ ڈالر کا ریٹ مقرر کرنا۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان ان حل طلب معاملات کی وجہ سے برانڈ کی ساکھ متاثر ہورہی تھی۔
رمیز راجہ نے مزید کہا کہ خوشی ہے کہ یہ تمام معاملات بالآخر حل ہوچکے ہیں، یہ فرنچائز مالکان کے ساتھ ہمارے تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
فرنچائز مالکان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ہم سب کے دل کے بہت قریب ہے، سال 2016 کے بعد سے ہم نے اسے آج اس مقام پر پہنچانے کے لیے بہت محنت کی ہے۔